ریاست ہماچل پردیش کے حمیر پور اور سولن اضلاع میں کورونا وبا کے انفیکشن کو روکنے کے لئے ریاستی حکومت نے 30 جون تک کرفیو میں توسیع کردی ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ حمیر پور ہریکیش مینا نے دفعہ 144 کے تحت حاصل کردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے احکامات جاری کیے ہیں۔
یہ احکامات فوری طور پر پورے ضلع میں نافذ ہو گیا ہے۔ حمیر پور ضلع میں اب تک 62 کورونا مثبت کیسز درج کئے گئے ہیں۔ وہیں اس وبا سے دو افراد کی موت ہوگئی ہے۔ باہر سے آنے والے لوگوں کو قرنطین مراکز میں رکھا جا رہا ہے۔
ضلع میں کورونا کیسز کے بڑھتے انفیکشن کو دیکھتے ہوئے کرفیو 30 جون تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کرونا وائرس کے انفیکشن کے پھیلاؤ کے امکانات کو کم کیا جاسکے۔
ہماچل پردیش کے محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 'ضلع حمیر پور میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ ایکٹیو کیسز ہیں۔ گذشتہ ایک ہفتہ میں یہاں کورونا سے متاثرہ مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ بڑھتے ہوئے اعداد و شمار کے پیش نظر انتظامیہ یہاں احتیاط برتنے میں کوئی غلطی نہیں کرنا چاہتی۔'
ریڈ زون کے علاقے میں لوگوں کو گھروں میں ہی سہولیات کی فراہمی کی کوشش کی جارہی ہے۔ انفیکشن کی بڑھتی ہوئی رفتار کے پیش نظر پولیس انتظامیہ بھی الرٹ ہے۔
پولیس اہلکار لوگوں کو مستقل طور پر آگاہ کررہے ہیں۔ انفیکشن کے بڑھتے ہوئے خطرہ کو دیکھتے ہوئے ضلع میں داخل ہونے والی ہر گاڑی اور شخص کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔