ہریانہ کانگریس کے سابق صدر تنور نے اپنے حامیوں کے ساتھ پارٹی کے ہیڈکوارٹر کے باہر مظاہرہ کیا اوردھرنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر دھاندلی چل رہی ہے۔ دھاندلی کرکے اگر کمزور امیدوار میدان میں اتارے گئے تو پارٹی فتحیاب کیسے ہوگی۔
انہوں نے کہا، ’میں نے ہریانہ میں گذشتہ پانچ سال کے دوران پارٹی کو اپنے خون پسینے سے سینچا ہے اور مضبوط حالت میں پہنچایا ہے۔ میں پارٹی کے تئیں ہمہ وقت وقف رہا ہوں۔گذشتہ تین ماہ کے دوران مجھے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) سے چھ مرتبہ کانگریس چھوڑنے کی دعوت مل چکی ہے لیکن میں کانگریس کا سپاہی ہوں اور کبھی بھی پارٹی نہیں چھوڑوں گا‘۔
تنور نے کہا کہ وہ کانگریس کے ایک ایک رہنما کو جانتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسے افراد کو ٹکٹ کیوں دیا جارہا ہے جو پہلے کانگریس پر تنقید کرتے تھے اور اب ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں۔