راج ناتھ سنگھ نےکانگریس پر مسئلہ کشمیر کو عالمی معاملہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔
ریاست ہریانہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کانگریس کی نکتہ چینی کی اور کہا کہ 'کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ہریانہ میں 21 اکتوبر کو اسمبلی انتخابات ہونگے'۔
کانگریس پر مسئلہ کشمیر کو عالمی معاملہ بنانے کا الزام راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ 'حال ہی میں کانگریس کے ایک رہنما نے لندن میں لیبر پارٹی کے رہنما جیرمی کوربین سے ملاقات کی اور انہوں نے کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا'۔
انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ' میں کانگریس کے رہنماؤں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ انسانی حقوق کی پامالی کہاں ہو رہی ہے۔جب کشمیر میں شدت پسندی کی سرگرمیاں رونما ہو رہی تھیں تب انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی تھی۔انہوں نے کانگریس سے پوچھا کہ اس وقت آپ کیوں نہیں بولے؟'
راج ناتھ سنگیھ نے کہا کہ' میں کانگریس سے جواب چاہتا ہوں ۔ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ ہے۔کیا دوسرے ممالک میں بھی اس پر بحث ہوگی ۔کیا آپ دوسرے ممالک میں بھی مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کریں گے؟ '
واضح رہے کہ 5 اگست کو جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے وادی کشمیر میں مسلسل 75ویں روز سے بندشیں جاری ہیں جس کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔
دو رو قبل وادیٔ کشمیر میں دو ماہ سے زائد کے عرصے تک بند رہنے والے پوسٹ پیڈ موبائل پھر سے بحال کیے گئے تاہم انٹرنیٹ پر پابندی بدستور برقرار ہے۔