نرمدا: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو سردار پٹیل جینتی کے موقع پر ایکتا نگر کے اسٹیچو آف یونٹی میں 196 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔
انہوں نے اسٹیچو آف یونٹی پر سردار پٹیل کی جینتی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔مسٹر مودی نے راشٹریہ ایکتادوس پریڈ کابھی مشاہدہ کیا جس میں بی ایس ایف اور مختلف ریاستوں کی پولیس شامل تھی۔اس موقع پر خواتین پرمبنی سی آر پی ایف بائیکرس کے ڈیرڈول شو، بی ایس ایف کی خواتین پائپ بینڈ، گجرات کی خواتین پولیس کے ذریعہ کوریو گراف کیے گئے پروگرام، اسپیشل این سی سی شو، اسکول بینڈ کی پیش کش، انڈین ایئرفورس کے ذریعہ فلائی پاسٹ، شاندار گاوؤں کی اقتصادی طاقت کو پیش کرنے والے پروگرام وغیرہ پیش کیے گئے۔
مجمع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ راشٹریہ ایکتادوس ہندوستان کے نوجوانوں اور اس کے جانبازوں کے اتحاد کی طاقت کا جشن ہے۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ ‘‘ایک طرح سے میں چھوٹے ہندوستان کی شکل کا مشاہدہ کرسکتاہوں۔ ’’
انہوں نے کہا کہ بھلے ہی زبان، ریاستیں اور روایات الگ الگ ہوں، لیکن ملک کا ہرایک آدمی اتحاد کے مضبوط دھاگے سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘موتی کے دانے بھلے ہی بہت زیادہ ہوں،لیکن مالا ایک ہی ہے۔ ہم بھلے ہی متنوع ہوں ، لیکن ہم سبھی متحد ہیں۔’’ وزیراعظم نے کہا کہ جس طرح 15 اگست اور 26 جنوری کو یوم آزادی اور یوم جمہوریہ کے طورپر منایاجاتا ہے اسی طرح 31 اکتوبر بھی پورے ملک میں اتحاد کا تہوار بن چکا ہے۔