احمدآباد: کورونا وبا کے دو سال کے بعد احمدآباد کے ریور فرنٹ پر انٹرنیشنل کائٹ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس پتنگ میلے کو دیکھنے کے لیے لوگ دور دور سے آئے اس فیسٹیول میں 53ممالک کے پتنگ بازوں نے حصہ لیا ہے جن میں خاص طور سے الجزائر، ارجنٹائن، آسٹریلیا، بحرین، بیلاروس، بلجیم، بلغاریہ، کمبوڈیا، کیمرون، کینیڈا، چلی، کولمبیا کوسٹا ریکا، ڈنمارک، اسٹونیا، فرانس، بونیر، جارجیا، جرمنی، یونان، انڈونیشیا، عراق، اسرائیل، لتھونیا، ملیشیا، مالٹا، نیوزی لینڈ، فلسطین، فلپائن، پولینڈ، پرتگال روس سنگاپور سلووینیا، جنوبی افریقہ، اسپین، سری لنکا، سویزلینڈ، برطانیہ، تیونس، زمبابوے، عمان، سعودی عرب، اٹلی مصر وغیرہ کے پتنگ بازوں نے حصہ لیا۔ اس کے ساتھ ہی بھارت کی چودہ ریاستوں بہار، دہلی، کرناٹک،کیرلہ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، اڑیسہ، پونڈیچری، پنجاب، راجستھان، سکیم، تلنگانہ، اترپردیش، اتراکھنڈ اور گجرات کے 22 شہروں کے حریف نے حصہ لیا۔
کائٹ فیسٹیول میں احمدآباد میں آئی پی ایس افسر اجے چودھری نے کہا کہ گجرات کے احمدآباد میں منعقد انٹرنیشنل کائٹ فیسٹیول میں کئی ممالک سے لوگ آئے ہوئے ہیں فیسٹیول میں شرکت کے بعد مجھے بڑی خوشی ہوئی۔ یہاں مختلف قسم کی پتنگ دیکھنے کو مل رہی ہے جو ہم نے کبھی نہیں دیکھا۔ احمدآباد کے ہر شخص کو چاہیے کہ وہ یہاں آکر کائٹ فیسٹیول کا لطف اٹھائے ۔ پولیس کی جانب سے یہاں لوگوں کی حفاظت کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر یوپی سے تعلق رکھنے والے ایک پولیس افسر نے کہا کہ اترپردیش میں اس طرح کا کائٹ فیسٹیول نہیں ہوتا اسی لیے آج ہم یہاں آئے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ یوپی حکومت بھی اس طرح کا کائٹ فیسٹیول منعقد کرے اور یہ کائٹ فیسٹیول ہی زیادہ اچھا ہے اور یہاں بہت سارے ممالک سے لوگ آئے ہوئے ہیں ان کی پتنگ دیکھ کر ہمیں بہت ہی اچھا لگا کیوں کہ اس طرح کی پتنگیں ہم نے پہلی بار دیکھی ہے۔