ریاست اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں ایکسپورٹرس کا کہنا ہے کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر گزشتہ ایک برس میں اسٹول انگوچھا (مفلر) کی مانگ میں کافی کمی درج کی گئی ہے۔
ایکسپورٹرس کا کہنا ہے کہ مفلر ایکسپورٹ میں 90 فیصدی تک کی گراوٹ درج کی گئی ہے، اگر حکومت نے غور نہیں کیا تو وہ دن دور نہیں جب یہاں کا مفلر ایکسپورٹ پوری طرح سے ختم ہوجائے گا۔
بارہ بنکی کے بنکروں کے ہاتھ سے بنے یہ مفلر دنیا بھر میں نہ صرف بارہ بنکی کا نام روشن کر رہے تھے بلکہ اس سے لاکھوں کنبوں کی زندگی بھی بسر ہو رہی تھی لیکن اب صنعت پر مندی کا اثر ہے۔
ایکسپورٹر جنید انصاری کا کہنا ہے کہ سرکاری پالیسیوں سے مفلر کی لاگت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ دوسرے ممالک کے مفلر کی لاگت انتہائی کم ہے یہی وجہ ہے کہ دیگر ممالک کے مفلر سستے ہیں اس وجہ سے بین الاقوامی بازار میں بھارتی مفلروں کی مانگ میں کمی واقع ہوئی ہے۔