احمد آباد:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سنت سویّا ناتھ مندر جنجرکا سے گجرات گورو یاترا کا آغاز کیا۔ امت شاہ نے انائی ماتا مندر (نوساری) سے گجرات گورو یاترا اور قبائلی برادری کے اعزاز اور ان کی زندگیوں کی بہتری کے لیے وقف ’بھگوان برسا منڈا آدیواسی گورو یاترا‘ کا بھی افتتاح کیا۔ گجرات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پانچ گورو یاترا نکالی گئی ہیں، جن میں دو یاتراوں کا افتتاح بدھ کو بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے کیا۔ Gujarat Gaurav Yatra Started from Ahmedabad
گورو یاترا کے افتتاح کے موقع پر احمد آباد میں امت شاہ کے ساتھ گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل، ریاستی بی جے پی صدر سی آر پاٹل، مرکزی وزراء منسکھ منڈاویہ، بھوپیندر سنگھ چوڑاسما سمیت بی جے پی کے کئی سینئر لیڈرموجود تھے وہیں انائی ماتا مندر میں شاہ کے ساتھ پٹیل، پاٹل، جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلی ارجن منڈا، مرکزی وزیر درشنا جردوش، گجرات حکومت کے کئی وزراء اور بی جے پی لیڈر موجود تھے۔
گورو یاترا، جو 12 سے 20 اکتوبر تک چلے گی، گجرات کی 144 اسمبلیوں سے گزرے گی اور تقریباً 5,734 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ اس دوران کم از کم 145 عوامی جلسے کیے جائیں گے۔ آج احمد آباد ضلع کے سنت سویا ناتھ مندر، جنجرکا سے تیسری گورو یاترا سومناتھ جائے گی، جو 14 اضلاع کے 31 اسمبلی حلقوں سے گزرتی ہوئی کل 1,068 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔
نوساری ضلع کے انائی ماتا مندر سے جنوبی گجرات کے کھیڑا ضلع کے پھگ ویل تک چوتھی گجرات گورو یاترا 876 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی جس میں 21 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ ایک اور یاترا ’بھگوان برسا منڈا آدیواسی گورو یاترا‘ انائی ماتا مندر سے امباجی تک شروع ہوئی ہے جو قبائلی برادری کے اعزاز اور ان کی زندگیوں کی بہتری کے لیے وقف ہے۔