ریاست گجرات کے شہر احمدآباد کے تین دروازہ میں رہنے والی مسلم خواتین ہر سال ایک سے بڑھ کر ایک پیغامات عام کرنے والی راکھیاں بناتی ہیں۔ لیکن گزشتہ دو سالوں سے کورونا وبا اور اس سے ہوئی اموات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان مسلم خواتین نے کورونا وائرس کی تھیم پر راکھیاں بنائی ہیں جو کافی فروخت کی جا رہی ہے۔
اس تعلق سے راکھی بنانے والی مسلم خاتون کا کہنا ہے کہ 'ملک بھر میں کورونا وائرس کے معاملے بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور بڑی تعداد میں لوگ کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس لئے ہم نے خاص طور سے ماسک، کورونا ویکسین اور کورونا سے حفاظت کے پیغام والی راکھیاں بنائی ہیں۔ اس راکھی کو باندھ کر ہر بھائی کو یاد رہے کہ ابھی کورونا ختم نہیں ہوا ہے اور ہمیں کورونا کو شکست دینی ہے اور محفوظ رہنا ہے۔
ایک اور مسلم خاتون کا کہنا ہے کہ 'راکھی ایک ایسا تہوار ہے جس میں بھائی اپنی بہن سے اس کی حفاظت کرنے کا وعدہ کرتا ہے۔ اس لیے اس سال ہم لوگ کورونا سے حفاظت کا وعدہ لینے والی راکھی بنا رہے ہیں۔