گاندربل: کشمیر کے پہاڑوں میں واقع 3 ہزار 8 سو 80 میٹر کی بلندیوں پر واقع شری امرناتھ جی مندر کی یاترا کے لئے اب تک نہ صرف ریکارڈ تعداد میں یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے بلکہ سال گذشتہ کے یاتریوں کی کل تعداد کو بھی اس بار یاترا پار کر گئی ہے۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی اس یاترا کے دوران اب تک 3 لاکھ 70 ہزار یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعداد سال گذشتہ کے یاتریوں کی کل تعداد سے بھی تجاوز کر گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سال گذشتہ کے دوران کل 3 لاکھ 65 ہزار یاتریوں نے ہی پوتر گھپا کا درشن کیا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ جمعہ کے روز 9 ہزار 1 سو 50 یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا جس کے ساتھ یہ تعداد 3 لاکھ 69 ہزار 2 سو 88 یاتریوں تک پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال جہاں اس یاترا میں غیر ملکی یاتریوں نے حصہ لیا وہیں زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ نامور شخصیات جیسے معروف بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال اور بالی ووڈ ادا کارہ سارہ علی خان نے بھی پوتر گھپا کا درشن کیا۔ ترجمان نے کہا کہ اس سال یاترا کے دوران ہی کرگل وجے دیوس کا موقع آیا اور کرگل جنگ کی فتح بھی بیس کیمپوں میں منائی گئی۔