گاندر بل: کشمیر میں پہلی تاریخی G20 تقریب کے شاندار استقبال کے لئے ایک سماجی رضاکار تنظیم 'وائس فار پیس اینڈ جسٹس' کی جانب سے گاندربل میں "پیڈل فار پیس" کے عنوان سے ایک شاندار سائیکلتھون کا انعقاد کیا گیا، جس میں 500 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ اس سائیکلتھون میں وادی کشمیر سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ مذکورہ تنظیموں کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ سرینگر میں G20 سمٹ کے انعقاد عالمی سطح پر کشمیر کے روایتی دستکاری اور سیاحت کے شعبے کے فروغ ملنے کا امکان ہے۔ کشمیر کی نئی نسل یہاں کے نامساعد حالات سے تنگ آچکی ہے اور چاہتی ہے کہ کشمیر میں روزگار کے مزید وسائل پیدا کئے جائیں اور کھیلوں کو فروغ دیا جائے تاکہ کشمیری نوجوان بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔
گاندربل ضلع کے سمبل مانیگام علاقوں سے گزرنے والے سری نگر لیہہ نیشنل ہائی وے بائی پاس پر لار سے شیر کشمیر پارک منیگام تک منعقد کی گئی سائیکل ریس کو تین زمروں میں تقسیم کیا گیا تھا جس میں سینئر اور جونیئر مرد اور اوپن ایج کیٹیگری شامل تھی۔
عالمی شہرت یافتہ سائیکلسٹ ڈاکٹر محمد اکبر خان نے افتتاحی اور پریزنٹیشن تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، انہوں نے تمام شرکاء کی حوصلہ افزائی کی اور تینوں کیٹیگریز میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو سائیکل، ٹرافیاں، نقد انعامات اور اسناد سے نوازا۔