گاندربل (جموں و کشمیر):گاندربل پولیس نے منشیات فروشی اور اس کے استعمال کے خلاف جنگ جاری رکھتے ہوئے ناکہ کے دوران دو منشیات فروشوں کی تحویل سے منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جموں و کشمیر پولیس نے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں بنوینہ علاقے میں ایک ناکہ قائم کیا۔ گاندربل پولیس کے مطابق انہوں نے مشکوک حالت میں گھوم رہے دو راہگیروں کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران اُن کے قبضے سے سائیکو ممنوعہ مادہ - کوڈین فاسفیٹ، پیٹرل کلونازپام اور اسپاسمو پراکسیون پلس کپسول برآمد کیے گئے۔ گاندربل پولیس نے منشیات ضبط کرکے دونوں افراد کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا۔
گاندربل پولیس نے حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت شبیر احمد زرگر ولد بشیر احمد زرگر اور محمد اشرف زرگر ولد نذیر احمد زرگر ساکنان ہٹوینہ، گاندربل کے طور پر کی ہے۔ اس ضمن میں گاندربل پولیس نے ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 2023/129، قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن گاندربل میں درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔