سرینگر: بارڈر روڈس اہلکاروں نے گاڑیوں کے پہلے قافلے کو امرناتھ گھپا تک پہنچا کر تاریخ رقم کی ہے۔بارڈر روڈس آرگنائزیشن (بی آر او) جس کو امرناتھ گھپا کے راستوں کی مرمت اور دیکھ ریکھ کی ذمہ داری سونپی گئی، نے اس مشکل کام کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔
بی آر او نے 'ایکس' پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 'پروجیکٹ بیکن امرناتھ یاترا کے راستوں کی بحالی و بہتری میں مصروف ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'بارڈر روڈ اہلکاروں نے گاڑیوں کے پہلے قافلے کو پوتر گھپا تک پہنچا کر اس مشکل کام کو مکمل کرکے تاریخ رقم کی'۔
بی آر او کے ایک عہدیدار نے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم ایک ٹرک اور ایک چھوٹی پک اپ گاڑی لیکر ضلع گاندربل کے ڈومیل سے بالتل بیس کیمپ کے راستے، جو امرناتھ گھپا تک پہنچانے والے راستوں میں سے ایک راستہ ہے، سے پوتر گھپا تک پہنچے'۔
انہوں نے کہا کہ بی آر او نے ان گاڑیوں کو امرناگھ گھپا کے نزدیک جاری کام کے لئے استعمال کیا۔یہ گاڑیاں گھپا تک بہت سارے سٹور لے جانے کے لئے وہاں گئی تھیں جہاں کافی مستقل کام انجام دینا ہے'۔موصوف عہدیدار نے کہا کہ یقینی طور پر ایک بہت ہی بڑی کامیابی ہے۔