ضلع ڈوڈہ کی تحصیل مرمت کے علاقہ بہوتہ اور اُس کے گرد نواح میں رہنے والے عوام نالے پر پُل نہ ہونے سے مشکلات میں ہیں۔
پُل نہ ہونے سے عوام کو مشکلات عوام کا کہنا ہے کہ بلگراں سے بہوتہ جانے والی سڑک سے گزرنے والے اس 'سڑک نالے' پر پُل کی تعمیر کی مانگ عرصے سے ہو رہی ہے، لیکن تاحال اس پُل کے تعمیر کا کام شروع نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈوڈہ: زخمی نوجوان کو کندھوں پر اٹھا کر اسپتال پہنچانا پڑا
لوگوں کا کہنا ہے کہ برسات کے دِنوں میں اِس نالے کے پانی میں طغیانی آ جاتی ہے، جس سے بلگراں تا بہوتہ سڑک کئی کئی روز تک بند رہتی ہے اور ہزاروں لوگ ضلع کے دوسرے حصّوں سے کَٹ کے رہ جاتے ہیں۔
عوام نے اِس پُل کی مانگ کو ایک بار پھر دہراتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر اس اہم پُل کی تعمیر کا کام جلد سے جلد شروع نہیں کیا گیا تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ اُنہوں نے بلگراں، بہوتہ سڑک کی تعمیر کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا لیکن ساتھ ہی کہا کہ نالے پر پُل کے بغیر اس سڑک کی اہمیت ختم ہو جاتی ہے۔