جموں وکشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں ضلع انتظامیہ کی طرف سے عوامی مراکز میں یک روزہ روزگار میلے کا انعقاد کیا گیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ نے روزگار میلے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اُن کے ہمراہ نو منتخب ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین دھنہتر سنگھ بھی موجود تھے۔
بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے انتظامیہ کی طرف سے سکل ڈیولپمنٹ کے اشتراک سے منعقدہ میلے میں مختلف محکمہ جات نے نوجوانوں کو بیدار کرنے کے لئے اسٹال لگائے تھے۔ جس میں مختلف محکموں کے تحت چلنے والی سرکاری اسکیموں کے حوالے سے اُن کو آگاہ کیا جس سے وہ استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔
ضلع انفارمیشن آفیسر ڈوڈہ اشرف وانی نے بتایا کہ یہاں ایک روزہ میلہ محکمہ ٹیکنیکل ڈیویلپمنٹ کمیٹی ڈوڈہ کی طرف سے سنکلپ اسکیم کے تحت اور ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ سنٹر ڈوڈہ کے اشتراک سے ضلع ترقیاتی کمشنر کی نگرانی منعقد کیا گیا تھا۔ جس میں متعدد نجی کمپنیوں اور ڈوڈہ کے مقامی اسکول و دیگر اِداروں کو مدعو کیا گیا تھا۔