ڈوڈہ: جموں و کشمیر پولیس نے صوبہ جموں کے ضلع ڈوڈہ میں لشکر طیبہ کے ایک ماڈیول کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر ڈوڈہ پولیس، فوج کی 10 آر آر اور بی ایس ایف کی 33 بٹالین کی ایک مشترکہ ٹیم نے پیر کے روز کاشتی گڑھ ڈوڈہ کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے ارشاد احمد ولد محمد یوسف ساکن دھندال کاشتی گڑھ نام کے ایک مشکوک شخص کے مکان سے دھماکہ خیز مواد، ایک موبائل اور کچھ قابل اعتراض مواد بر آمد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ڈوڈہ میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔