ضلع ڈوڈہ کے تحصیل پھگسو میں مقامی باشندوں نے ٹھاٹھری تا کاٹھواہ سڑک کی مرمت کا کام شروع نہ کرنے پر انتظامیہ اور متعلقہ حکام کے خلاف احتجاج کیا۔
ڈوڈہ: سڑک کی مرمت میں سست رفتاری کا الزام، عوام کا احتجاج احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے احتجاج کی کال 30 ستمبر کو دی تھی لیکن ایس ڈی ایم ٹھاٹھری نے یقین دہانی کرائی تھی کہ 5 اکتوبر تک سڑک کی مرمت کا کام شروع کر دیا جائے گا۔
احتجاجیوں کے مطابق مذکورہ سڑک پر محض دو دن تک کام شروع کیا گیا اور نامعلوم وجوہات کی بنا پر پھر سے بند ہو گیا۔ جس کے سبب وہ آج احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے۔
احتجاج کے سبب گھنٹوں تک سڑک پر گاڑیوں کی نقل و حرکت بند رہی۔ جس دوران ایس ڈی ایم ٹھاٹھری نے موقع پر پہنچ کر وہاں دوبارہ عوام کے مطالبات سُنے اور ایس ڈی ایم کی یقین دہانی کے بعد لوگوں نے احتجاج ختم کیا۔