خطہ چناب کے ضلع ڈوڈہ میں تعلیم یافتہ نوجوان روزگار نہ ملنے کی وجہ سے ذہنی تناؤ کا شکار ہو رہے ہیں۔ ضلع ڈوڈہ کی حدود میں تعمیر ہونے والی قومی شاہراہ پر سُدھما دیو کھلنی ٹنل کا کام شروع ہو رہا ہے۔ اس سلسلے میں مقامی نوجوان انتظامیہ سے ٹنل میں کام دلانے کی مانگ کر رہے ہیں۔
وہیں یونینز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ڈوڈہ میں کسان یونیئنز کے دو گروپ بنائے گئے ہیں۔ جس کے بعد دونوں گروپس میں نوجوانوں ایک دوسرے پر رشوت لینے کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔ کسان اینڈ مزدور یونین ملہوری ڈوڈہ نے کھلینی میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا۔ جس میں علاقہ کے دور دراز گاؤں سے بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں نے شرکت کی۔
یونین کے عہدیداروں کا کہنا ہے 'کھلینی میں ٹنل کی تعمیر ہونے جا رہی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس تعمیری کام میں مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے تاکہ یہاں سینکڑوں کی تعداد میں گھر آباد ہو سکیں'۔