پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں کانگریس لیڈران کی جانب سے ’’چلو پنچایت کی اور‘‘ مہم کی شروعات کے حوالے سے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
ڈوڈہ: کانگریس کی ’چلو پنچایت کی اور‘ مہم میٹنگ میں کورونا وائرس کو مد نظر رکھ کر اور سبھی ایس او پیز کی پاسداری عمل میں لاتے ہوئے چند ہی کانگریس لیڈران کو مدعو کیا گیا تھا۔
اس موقع پر ضلع ڈوڈہ کے کانگریس یوتھ لیڈر سلمان ٹاک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’موجودہ دور میں اشیائے خوردنی کی آسمان کو چھوتی قیمتوں سے لوگوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے اور سماج کا کمزور طبقہ فاقہ کشی کا شکار ہو رہا ہے۔‘‘
اُنہوں نے بتایا کہ وہ پارٹی کی اعلیٰ کمان کی ہدایات پر ’’چلو پنچایت کی اور‘‘ کے تحت عوام کو مرکزی سرکار کی ناکامیوں سے آشنا کر رہے ہیں۔
ٹاک نے مزید بتایا کہ ملک میں پیدا شُدہ بحرانی صورتحال کے پیش نظر وہ اس مہم کو بڑے پیمانے پر نہیں چلا رہے ہیں۔ تاہم کورونا رہنما خطوط کی پاسداری کرتے ہوئے وہ ہر گاؤں، ہر علاقے اور ہر پنچایت میں جاکر عوام سے ملاقات کریں گے۔