ضلع ڈوڈہ کے بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ گزشتہ شام تک جاری رہا، جس وجہ سے شہر سے دیہات جانے والی بیشتر سڑکیں زیر آب ہو گئی ہیں۔
قومی شاہراہ سمیت ضلع کی اندرونی رابطہ سڑکیں کہی جگہوں پر پسیاں گر آنے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد رفت کے لیے بند ہو گئی ہیں۔
ضلع کے دور دراز دیہات میں آباد عوامی مشکلات و مطالبات کی شنوائی کے لیے ضلع انتظامیہ ڈوڈہ نے صدر مقام پر عوامی مسائل کو متعلقہ محکموں تک پہنچانے کے لیے کنٹرول روم قائم کیے ہیں ۔جہاں لوگ رابطہ کرکے اپنی شکایت درج کریں گے۔
اس کے علاوہ ہنگامی صورتحال میں لوگوں کو بروقت راحت پہنچانے کے لیے یہ کنٹرول روم کافی اہمیت کے حامل ہیں۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ ضلع کی بیشتر آبادی دیہات میں رہتی ہے اور یہاں برفباری کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں گاؤں برفباری سے ڈھک جاتے ہیں اور اُن کا تین سے چار ماہ تک ضلع صدر مقام سے رابطہ منقطع ہو جاتا ہے۔ اِن ایام میں اُن کو بجلی، پانی، راشن کی شدید قلّت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوامی مشکلات کو نظر میں رکھتے ہوئے انتظامیہ کا ضلع میں کنڑول روم قائم کرنے کا فیصلہ بہت اچھا قدم مانا جا رہا ہے۔
اِن کنٹرول روم پر انتظامیہ کی جانب سے چوبیس گھنٹے عملہ کو دستیاب رکھا گیا ہے۔ جہاں دِن رات عوام کی بات کو سُنا جائے گا اور وہاں سے شکایت کا بروقت ازالہ کے لئے متعلقہ حکام کو آگاہ بھی کیا جائے گا ۔