ضلع ڈوڈہ میں دوسرے مرحلے کے تحت بھاگواہ اور کاستی گڑھ میں منعقد ہونے والے انتخابات کے لئے پانچ روز قبل ہی پولنگ عملہ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعہ روانہ کیا گیا ہے۔
ڈوڈہ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ پولنگ عملہ کو دیسہ پہنچایا گیا اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کشوری لال نے بتایا کہ ڈی ڈی سی انتخابات پوری یوٹی جموں و کشمیر میں 28 نومبر کو شروع ہو رہے ہیں اور اس مرحلے میں ڈوڈہ کے بلاک چنگا بھلیسہ میں بھی ووٹ ڈالیں جائیں گے۔
اے ڈی سی نے مزید بتایا کہ موسمی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے بلاک بھاگواہ کے دیسہ میں دوسرے مرحلے کے تحت منعقد ہونے والے ڈی ڈی سی انتخابات کے لئے پولنگ عملہ کو پانچ روز قبل ہی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ روانہ کیا گیا ہے۔
جمعرات کو ہیلی کاپٹر کے ذریعہ آٹھ پولنگ پارٹیز پر مشتمل 32 عملہ کو دیسہ کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کے لئے روانہ کیا گیا ہے۔ جبکہ چنگا بھلیسہ کے لئے پولنگ عملہ کو جمعہ کو روانہ کیا جائے گا۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ یہ علاقہ جات برفباری سے ڈھکے ہوئے ہیں اور موسم کی پیشگوئی کے مطابق مزید موسم خراب ہونے کی امکانات ہیں اور برفباری ہونے کی صورت میں پولنگ عملہ کی اِن علاقوں تک رسائی ناممکن ہو جائے گی۔
انتخابات کے حوالے سے وہاں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اے ڈی سی ڈوڈہ نے ضلع الیکشن آفیسر کے ہمراہ دیسہ کا دورہ کیا اور عملہ کو آزادانہ، منصفانہ طور انتخابات منعقد کرنے کی ہدایت دی۔