نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو قومی دار الحکومت دہلی کے دوارکا میں وجے دشمی تہوار میں شرکت کرتے ہوئے ہم وطنوں سے تفریق اور دیگر سماجی برائیوں کوحب الوطنی کے جذبے سے شکست دینے اور غریبوں کی مدد کرنے کا عہد لینے کی اپیل کی۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے ہم وطنوں کو 'شکتی اپاسن تہوار نوراتری اور وجے تہوار وجے دشمی' کے موقع پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے زمین سے لے کر خلاء تک ہندوستانی کی نئی پروازوںکو ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی قسمت کا عروج ہونے جارہا ہے، ایسے وقت میں ہندوستان کو محتاط رہنا زیادہ ضروری ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ صرف راون کو جلانے کی صورت میں پتلا نہ جلایا جائے، ہر اس برائی کو ختم کیا جائے جس سے ملک کی ہم آہنگی خراب ہو۔
مودی نے کہا کہ ’’وجے دشمی کا تہوار صرف راون پر رام کی جیت کا تہوار نہیں ہے، بلکہ یہ ملک کی ہر برائی پر حب الوطنی کی جیت کا تہوار بھی بننا چاہیے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرے میں برائیوں، تفریق کو ختم کرنے کا عزم کرنا چاہیے۔ مودی نے سیاوار رام چندر کی جئے کے نعرے کے ساتھ کہا کہ وجے دشمی کا تہوار ناانصافی پر انصاف کی جیت، انا پر عاجزی کی جیت اور غصے پر صبر کی جیت کا تہوار ہے۔ انہوں نے آسودہ حال لوگوں سے غریب خاندانوں کی مدد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ "ہم کم از کم ایک غریب خاندان کے گھر کا فرد بن کر ان کی سماجی حیثیت کو بلند کریں گے۔"
وزیراعظم نے کہا کہ 'جب تک ملک میں ایک بھی غریب ایسا نہیں ہے جس کے پاس بنیادی سہولتیں نہیں، گھر نہیں، بجلی نہیں، گیس نہیں، پانی نہیں، طبی سہولیات نہیں، ہم آرام سے نہیں رہ سکتے'۔ وزیراعظم نے کہا، ’’وجے دشمی اس وقت منارہے ہیں جب چاند پر ہماری فتح کو 2 ماہ ہو چکے ہیں۔ مودی نے کہا کہ وجے دشمی بھگوان رام کی واپسی کی طرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں شگن ہورہے ہیں، ہم چاند پر پہنچ گئے، ہم دنیا کی تیسری بڑی معیشت بننے جا رہے ہیں، پارلیمنٹ کی نئی عمارت بن چکی ہے، خواتین ریزرویشن بل پاس ہو چکا ہے اور اس وقت پوری دنیا جمہوریت کی ماں کو دیکھ رہی ہے۔