نئی دہلی:آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس (اے آئی ایم ٹی سی) نے اتوار کو ڈیزل سے چلنے والی درمیانی اور بھاری گاڑیوں کے دہلی میں داخلے پر پابندی کے حکم کی مخالفت کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔Diesel commercial vehicles Ban In Delhi
آل انڈیا ٹرانسپورٹ کانگریس کے چیئرمین کے ایس اٹوال نے آج یہاں کہا کہ دہلی حکومت کے تغلقی فرمان کے بعد ملک کے مختلف حصوں سے دارالحکومت دہلی بھیجے گئے تقریباً 150 ٹرک دہلی سرحد پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پابندی کے باعث ممبئی، چنئی، کولکاتہ وغیرہ جیسے بڑے شہروں سے سامان لے کر دہلی آنے والے تقریباً ایک ہزار ٹرک اگلے ایک ہفتے تک دہلی کی سرحد پر پھنس جائیں گے۔
اٹوال نے کہا کہ لمبی دوری کے سامان ڈھونے والے ٹرک صرف ڈیزل پر ہی چلتے ہیں کیونکہ حکومت نے ان گاڑیوں کو سی این جی یا الیکٹرک موڈ پر چارج کرنے کا کوئی انتظام نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکم سے دارالحکومت دہلی میں بہت سی اشیاء کی قلت ہو جائے گی اور لوگوں کو شادی بیاہ اور تہواروں کے سیزن میں بہت سی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا اور دہلی کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ جائے گا اور لوگ ہمسایہ ریاستوں سے خریداری کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔