نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے راجیہ سبھا میں دہلی سروسز بل کی منظوری پر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہندوستانی جمہوریت کے لئے سیاہ دن ہے۔ کیجریوال نے پیر کو کہا کہ آج کا دن ہندوستان کی تاریخ میں ہندوستانی جمہوریت کے لئے سیاہ دن ثابت ہوا۔ آج دہلی کے لوگوں کو غلام بنانے کا بل پارلیمنٹ میں پاس کردیا گیا۔ یہ بل دہلی کے لوگوں کو بے بس، لاچار اور غلام بناتا ہے۔
کیجروال نے مزید کہا کہ ہندوستان کی آزادی سے پہلے 1935 میں انگریزوں نے ایک قانون بنایا تھا۔ اس قانون کا نام گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ تھا۔ اس قانون میں انگریزوں نے لکھا تھا کہ ہندوستان میں انتخابات ہوں گے لیکن جو حکومت منتخب ہوگی اسے کوئی کام کرنے کا اختیار نہیں ہوگا۔ جب ہمارا ملک آزاد ہوا تو ہم نے آئین بنایا اور آئین میں ہم نے لکھا کہ انتخابات ہوں گے، عوام اپنی حکومت منتخب کریں گے اور جس حکومت کو وہ منتخب کریں گے اسے عوام کے کام کرنے کے تمام اختیارات حاصل ہوں گے۔ آج آزادی کے 75 سال بعد مسٹر مودی نے دہلی کے لوگوں کی آزادی چھین لی۔
انہوں نے کہا کہ جب ان لوگوں نے دیکھا کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی (آپ) کو ہرانا بہت مشکل ہے۔ یہ لوگ پچھلے چار الیکشن ہار چکے ہیں۔ دہلی میں 2013، 2015 اور 2020 میں اسمبلی انتخابات ہارنے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میونسپل انتخابات میں بھی عآپ سے ہار گئی۔ دہلی میں گزشتہ 25 سالوں سے بی جے پی کی حکومت نہیں بن سکی ہے۔ 25 سال تک دہلی کے لوگوں نے انہیں ون واس دیا ہوا ہے۔ جب انہیں لگا کہ عآپ کو شکست دینا مشکل ہے تو انہوں نے پچھلے دروازے سے دہلی کی طاقت پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔