عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی راگھو چڈھا نے کہا کہ 'بعض افراد ناراض اور احتجاج کر رہے کسانوں کو ملک مخالف قرار دے رہے ہیں تو ایسے افراد جو کسانوں کو ملک مخالف کہہ رہے ہیں میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ خود ملک مخالف ہیں اور ان کے لیے بھارت میں کوئی جگہ نہیں ہے انہیں پاکستان چلے جانا چاہیے۔
راگھو چڈھا کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی(دہلی) کے ترجمان وریندر ببر نے کہا کہ 'بی جے پی سمیت سبھی لوگ کسانوں کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چڈھا کو یہ بات واضح کر دینی چاہیے کہ وہ ایسے افراد کو کیا جواب دینا چاہیں گے جو وزیر اعظم نریندر مودی کو مارنے کی باتیں کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ متعدد مرکزی وزراء نے الزام عائد کیا ہے کہ کسانوں کے احتجاج کو ماؤ نوازوں، بائیں بازو پارٹیوں اور ملک مخالف عناصر نے ہائی جیک کیا ہے، تاہم ان سبھی الزامات کو کسانوں کے احتجاج کی رہنمائی کر رہے لیڈران نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔