نئی دہلی:کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آئین کو ہندوستانی جمہوریت کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) ملک کے لوگوں کے آئینی حقوق کو کچل رہے ہیں۔ کانگریس صدر کھڑگے نے آج یوم آئین کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ’’ہندوستان کا آئین ہماری جمہوریت کی شہ رگ ہے۔ ہم 74 واں یوم آئین مناتے ہوئے اس کے معماروں کے شکر گزار ہیں اور ان کے تئیں انتہائی عقیدت پیش کرتے ہیں - کیونکہ انہوں نے ہمارے آئین میں ہر ہندوستانی کے سماجی، اقتصادی اور سیاسی حقوق کی ضمانت دی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’ان گارنٹیوں کے باوجود آج ہمارے آئین کی روح کے سامنے بہت سے چیلنج کھڑے ہو گئے ہیں اور لوگ ان چیلنجوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ملک کی موجودہ حکومت آئین میں دی گئی تمام آزادیوں کو کچلنے اور سلب کرنے کے لیے ہر ممکن قدم کر رہی ہے۔ اختلاف رائے کو دبایا جا رہا ہے اور اداروں کو آمرانہ نظام مسلط کرنے کے کھیل میں مہرہ بنایا جا رہا ہے۔ یہی نہیں بلکہ سماجی تبدیلیوں کی آڑ میں ذہنوں میں نفرت بھی بھری کی جا رہی ہے۔
ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’آر ایس ایس- بی جے پی آئین پر منظم اور سخت حملہ کرنے کے لئے سرکاری مشینری کے ہر نٹ اینڈ بولٹ کا بڑے پیمانے پر غلط استعمال کر رہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ہم جلد ہی اس اہم مقام پر پہنچ جائیں گے جہاں سماجی انصاف اور ہم آہنگی ختم ہو جائے گی اور کمزور طبقات کے حقوق آہستہ آہستہ چھین لیے جائیں گے۔ یہ تقسیم اور نفرت کی اس سیاست کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا وقت ہے۔