ملک کی دارالحکومت دہلی میں واقع معروف ادارہ دہلی یونیورسٹی طلبا کا آن لائن امتحان لینے پر غور کر رہی ہے۔ وہیں، اساتذہ اور طلبہ دونوں آن لائن امتحان کی مخالفت کرتے نظر آرہے ہیں۔ وہیں، اسی کو لے کر دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر کمار رام کرشن نے کہا کہ کوئی بھی طالب علم یا اساتذہ آن لائن امتحان کے حامی نہیں ہیں۔ نیز یہ بھی کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اس طرح کے تغلقی فرمان جاری کرکے ہمیں اس کی تعمیل کرنے پر مجبور نہیں کرسکتی ہے۔
وہیں، ڈی یو کے پروفیسر ڈاکٹر کمار رام کرشن نے کہا کہ آن لائن کلاس کے دوران طلبا سے آن لائن امتحان کو لے کر فیڈبیک لی گئیں، جس میں تمام طلبا نے آن لائن امتحان کو لے کر اختلاف رائے ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی یو میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا ملک کے مختلف صوبوں سے آتے ہیں۔ اس وقت بہت سارے طلبا اپنے دور دراز گاؤں میں ہیں جہاں وہ انٹرنیٹ سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے کلاس لینے سے قاصر ہیں۔ تو ساتھ ہی کچھ طلبا اتنے مالی طور پر بھی مالدار نہیں ہوتے ہیں کہ ان کے پاس اینڈرائیڈ فون موجود ہوں۔ اسی دوران، انہوں نے کہا کہ کشمیر کے ایک طالب علم نے بتایا کہ یہاں حکومت نے صرف 2 جی انٹرنیٹ سہولت دی ہے، ایسی صورتحال میں وہ امتحان کیسے دے سکتا ہے۔