دارالحکومت دہلی میں کورونا بحران کے درمیان صفائی کارکنان ہڑتال پر جاسکتے ہیں۔ گزشتہ روز کورونا کی وجہ سے ساوتھ ایم سی ڈی کے ایک صفائی کارکن کی موت کے بعد اس کے اہل خانہ حکومت سے 50 لاکھ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس کے لئے دہلی صفائی کارکنان ایکشن کمیٹی نے 29 اپریل تک کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔ اس کے بعد تینوں کارپوریشنوں کے صفائی کارکنان ہڑتال پر جانے کا انتباہ دے رہے ہیں۔
دہلی صفائی کرمچاری ایکشن کمیٹی کی جانب سے ساؤتھ ایم سی ڈی کے کمشنر گنیش بھارتی کو لکھے گئے خط میں ملازم کھلے الفاظ میں انتباہ دے رہے ہیں۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ اگر کورونا کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے کسی مقتول کے اہل خانہ کو کارپوریشن نے 50 لاکھ روپئے، اور دہلی حکومت کی جانب سے ایک کروڑ روپے اور اس کنبہ کے ایک شخص کو مسقتل ملازمت نہیں دی گئی تو مجبوراً ملازمین کو یہ اقدام اٹھانا پڑے گا۔ لہٰذا، جو بھی نقصان ہوگا اس کے ذمہ دار کمشنر ہوں گے۔
ایکشن کمیٹی کے چیئرمین وریندر سنگھ نے بتایا کہ 13 اپریل کو انہوں نے کارپوریشن کمشنر کو صفائی ملازمین کے لئے حفاظتی سامان اور 50 لاکھ کے انشورنس سے متعلق خط لکھا تھا، جس کا اعلان مرکزی حکومت نے کیا تھا۔ تاہم ان کی بات پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔