نئی دہلی: بی جے پی کے رکن پارلیمان برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف خواتین پہلوانوں کی طرف سے لگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزامات کی جانچ کر رہی پولیس نے اس معاملے میں اب تک تقریباً 125 لوگوں کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں۔ وہیں اس پورے معاملے میں پولیس اب یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ کیا الزام لگانے والی نابالغ پہلوان بالغ نہیں ہے۔ دراصل اس پہلوان کے خاندان کے ایک فرد نے اس کے بالغ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں جو برتھ سرٹیفکیٹ ملا ہے وہ دہلی کا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اگر مبینہ نابالغ خاتون ریسلر کے بارے میں یہ ثابت ہو گیا کہ وہ بالغ ہے تو اس کے ساتھ ساتھ اس کے والد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ اس معاملے کی جانچ کرنے والی نئی دہلی ضلع کی ایس آئی ٹی تمام ثبوت جمع کرنے میں مصروف ہے۔ ساتھ ہی اس معاملے میں تقریباً 125 لوگوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان میں سے چار گواہوں نے متاثرہ خاتون پہلوان کے الزامات کو درست بتایا ہے۔ ایسے میں برج بھوشن کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ تمام چار گواہ 125 ممکنہ گواہوں میں سے ہیں جن کے بیانات دہلی پولیس نے ریکارڈ کر لیے ہیں۔ ان میں ایک اولمپیئن، ایک کامن ویلتھ گولڈ میڈلسٹ، ایک بین الاقوامی ریفری اور ایک ریاستی سطح کا کوچ ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کوئی میڈیا سے بات نہیں کرے گا اور نہ ہی کوئی معلومات دیں گے۔