وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر ایل مروگن نے کہا ہے کہ کورونا کے دور میں حکومت نے ’خود کفیل بھارت‘ کے قیام پر خصوصی توجہ دی ہے۔ بھارتیہ جن سنگھ کے بانی رکن پنڈت دین دیال اپادھیائے نے بھی 'خود کفیل بھارت' کے ذریعے ہندوستان کو خود کفیل بنانے کا خواب دیکھا تھا۔
مروگن نے آنجہانی اپادھیائے کی 105 ویں سالگرہ کے موقع پر انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن (آئی آئی ایم سی) کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپادھیائے نے اپنی پوری زندگی ایک مضبوط اور ترقی پسند قوم کی تعمیر کے لیے وقف کردی۔ ان کی خدمت اور لگن کا منتر آج بھی ہمیں متاثر کرتا ہے۔ ان کے خیالات اور فلسفہ بھارت کی آنے والی نسلوں کو تحریک دیتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بیشتر لوگ اپادھیائے کو ایک سیاسی مفکر کے طور پر جانتے ہیں لیکن وہ ملک میں متعدد صحافیوں اور ایڈیٹرز کے رہنما تھے اور خود بھی 12 سے زائد کتابوں کے مصنف تھے۔