نئی دہلی: ریزرو بینک آف انڈیا کی تین روزہ مانیٹری پالیسی جائزہ میٹنگ آج ختم ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے اعلان کیا ہے کہ ریپو ریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ عالمی اقتصادی حالات اور افراط زر کو مدنظر رکھتے ہوئے ریزرو بینک نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ اس کے ساتھ ریپو ریٹ 6.5 فیصد پر برقرار ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ ایم پی سی کے چھ میں سے پانچ اراکین کی اکثریت سے یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ریپو ریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جانی چاہیے۔ ایم پی سی کی یہ میٹنگ تین دن (6-8 جون) تک جاری رہی۔ مالی سال 2024 کے لیے آر بی آئی کی دوسری میٹنگ ہے۔ اس سے پہلے اپریل کے مہینے میں ہوئی ایم پی سی میٹنگ میں ریزرو بینک نے ریپو ریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔ واضح رہے کہ ریپو ریٹ وہ شرح ہے جس پر آر بی آئی تجارتی بینکوں کو قرض دیتا ہے اور پھر اسی کے مطابق کمرشل بینک عام لوگوں کو قرض دیتے ہیں۔ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ریپو ریٹ کو ایک آلے کے طور پر استعمال کرتی ہے۔