نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے سشیل کمار گپتا کے بدھ کے روز ٹماٹر کا مالا پہن کر ایوان میں آنے پر راجیہ سبھا کے چیئرمین ناراض ہوگئے اور انہوں نے ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی۔ کارروائی شروع ہونے کے تھوڑی دیر بعد مسٹر گپتا ٹماٹروں کا مالا پہن کر ایوان میں داخل ہوئے۔ اس کے بعد چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے کہا کہ ایوان میں ارکان کے طرز عمل کی ایک حد ہوتی ہے۔ اس سے انہيں تکلیف ہوئی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی۔
قبل ازیں اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان نے منی پور کے معاملے پر ہنگامہ کیا۔ بعد ازاں ایوان میں قائد حزب اختلاف ملک ارجن کھڑگے نے کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کے پڑپوتے اور معروف مصنف تشار گاندھی کو آج صبح ہی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ایوان میں مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ دوسری طرف اس قسم کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ قبل ازیں چیئرمین نے کہا کہ اس دن مہاتما گاندھی نے ہندوستان چھوڑو تحریک شروع کی تھی جس کی وجہ سے ملک آزاد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے حوصلہ ملتا ہے کہ مل کر کام کرنے اور ثابت قدم رہنے سے مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ہندوستان چھوڑو تحریک آج بھی معنی خیز ہے۔