نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی جمعرات کو اچانک کیرتی نگر فرنیچر مارکیٹ پہنچ گئے اور وہاں موجود کاریگروں کے ساتھ کام کیا اور ان سے گفتگو بھی کی۔ کانگریس نے راہل گاندھی کی بڑھئیوں سے ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا ایکس پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بھارت جوڑو یاترا جاری ہے۔ حال ہی میں راہل گاندھی آنند وہار ریلوے اسٹیشن پر پہنچ کر قلیوں سے ملاقات کی تھی۔ اس کے علاوہ چند روز قبل وہ آزاد پور منڈی میں سبزی فروشوں سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔ راہل نے اس سے پہلے ہریانہ کے سونی پت ضلع میں کھیتوں میں دھان لگانے والے کچھ کسانوں سے ملاقات کی تھی اور کچھ خواتین کھیت مزدوروں سے بات چیت کی تھی، جنہیں بعد میں اپنی ماں کی رہائش گاہ پر مدعو بھی کیا تھا۔
تصویر کو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی کے ایکس ہینڈل سے لکھا گیا کہ آج دہلی کے کیرتی نگر میں ایشیا کی سب سے بڑی فرنیچر مارکیٹ میں بڑھئی بھائیوں سے ملاقات کی۔ یہ لوگ محنتی ہونے کے ساتھ ساتھ کمال کے فنکار بھی ہیں۔ طاقت اور خوبصورتی کو تراشنے کے ماہر! انھوں نے مزید لکھا کہ ہم نے ان کاریگروں سے بہت سی باتیں کیں اور ان کے ہنر کے بارے میں تھوڑا سا جانا اور تھوڑا سیکھنے کی کوشش کی۔