نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے مہاتما گاندھی کو ان کی 75ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے اور ان کے بصیرت افروز خیالات کو یاد کیا ہے۔ پی ایم مودی نے ملک کی خدمت کرتے ہوئے شہادت پانے والے افراد کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم نے ایک ٹوئیٹ میں کہا 'میں باپو کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور ان کے بصیرت افروز خیالات کو یاد کرتا ہوں، میں ان تمام لوگوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جو ہمارے ملک کی خدمت کرتے ہوئے درجہ شہادت پر فائز ہوئے۔ ان کی قربانیاں کبھی بھلائی نہیں جاسکیں گی اور ایک ترقی یافتہ بھارت کے لئے کام کرنے کی سمت میں ہمارے عزم کو مسلسل مضبوطی عطا کرتی رہیں گی۔'
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’سودیشی اور خود انحصاری کی راہ پر چل کر ملک کو خود کفیل بنانے کی تحریک دینے والے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی برسی پر صدہا سلام۔ ملک آج بابائے قوم مہاتما گاندھی کو اُن کی 75 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کر رہا ہے۔ 30 جنوری کو شہیدوں کا دن بھی منایا جاتا ہے۔ مہاتما گاندھی کو 1948 میں آج ہی کے دن قتل کردیا گیا تھا۔ نئی دلّی کے راج گھاٹ پر واقع گاندھی سمادھی پر بین مذاہب دعائیہ تقریب منعقد کی جائے گی۔