صحافیوں کے خلاف پولیس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے، پریس کلب آف انڈیا نے قومی انسانی حقوق کمیشن پر زور دیا کہ وہ تریپورہ پولیس کی جانب سے دو خاتون صحافیوں کو رات بھر تھانے میں زیرحراست رکھنے سے متعلق انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر نوٹس لے۔
ایچ ڈبلیو نیوز نیٹ ورک کی دو خاتون صحافی سمردھی ساکونیا اور سورنا جھا حالیہ فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات کی رپورٹنگ کرنے کےلیے تریپورہ آئیں تھیں، جنہیں آسام پولس نے اتوار کو آسام-تریپورہ سرحد کے قریب کریم گنج کے نیلم بازار سے حراست میں لے لیا تھا جبکہ بعد میں انہیں تریپورہ لایا گیا اور سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز و فرضی خبریں پوسٹ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے گذشتہ پیر کی صبح باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا تھا۔ تاہم بعد میں دونوں خاتون صحافیوں کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
پریس کلب آف انڈیا نے فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کے الزام میں تریپورہ پولیس کی جانب سے دہلی میں مقیم دو خاتون رپورٹرز، سمردھی ساکونیا اور سورنا جھا کو حراست میں لینے اور انہیں ہراساں کرنے کی سخت مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ سچ کو چھپانے کے لیے خاتون صحافیوں پر من گھڑت الزامات عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا گیا۔