بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کے طیارے کو پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے کے لیے پاکستانی حکومت نے اجازت دے دی ہے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا دو روزہ سربراہی اجلاس 13 اور 14 جون کو منعقد ہو رہا ہے جس میں بھارت کے دوسری مرتبہ منتخب ہونے والے وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان شرکت کررہے ہیں۔
گذشتہ دنوں بھارت نے بشکیک جانے کے لیے وزیراعظم نریندر مودی کے جہاز کے لیے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔
پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے 26 مئی کو نریندر مودی کو فون کر کے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی تھی اور کہا تھا کہ وہ مودی کے ساتھ مشترکہ طور پر خطے میں امن و ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کے متمنی ہیں، تاہم بھارتی وزیراعظم نے کہا تھا کہ اس کے لیے باہمی اعتماد کی فضا پیدا کرنا ضروری ہوگا۔