نئی دہلی: شہری ہوا بازی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے آج کہا کہ شہری ہوابازی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ملک بھر کے بڑے شہروں اور دنیا کے تمام بڑے ممالک سے رابطے میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔ سندھیا نے آج راجیہ سبھا میں ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں گزشتہ 8 برسوں میں 70 نئے ہوائی اڈے بنائے گئے اور آنے والے برسوں میں مزید 68 ہوائی اڈے بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی ملک میں ایئرپورٹس کی تعداد 200 تک پہنچ جائے گی۔ ہوائی جہاز کے کرایوں میں مسلسل اضافے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کرایہ کا فیصلہ کئی عوامل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ ہوائی کرایوں میں بھی ڈیمانڈ کے لحاظ سے فرق ہوتا ہے، کیونکہ جب ٹکٹوںکی ڈیمانڈ زیادہ بڑھ جاتی ہے تب ہوائی ٹکٹ مہنگے ہوجاتے ہیں ، جب کہ مسافروں کی تعداد کم ہونے کی صورت میں کرایے کم ہوتے ہیں۔ Jyotiraditya Scindia in Rajya Sabha
انہوں نے کہا کہ اگر پہلے سے ٹکٹ بک کروائے جائیں تو ٹکٹ سستے پڑتے ہیں اور سفر کی تاریخ سےجتنا قریب ٹکٹ بک کیا جائے اتنا ہی مہنگا ہوتا ہے۔ سندھیا نے کہا کہ کرایہ زیادہ ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ جیٹ فیول کی قیمت میں ڈھائی گنا اضافہ ہوا ہے۔ دوسری کووڈ کی وبا کی وجہ سے ایئر لائنز کے بیشتر طیارے 18 سے 24 ماہ تک گراؤنڈ پر رہے جس سے ایئر لائنز کی مالی حالت متاثر ہوئی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے امرتسر اور چندی گڑھ سے ملک کے تمام حصوں اور سات ممالک کے لیے پروازیں چلائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اڑان اسکیم کے تحت نئے شہروں کو ہوائی رابطہ کے ذریعے جوڑا جا رہا ہے۔