سچن پائلٹ نے آسام کے سلچر میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے آج تک جو کہا وہ کر کے دکھایا۔ وعدہ تو بی جے پی نے بھی کیا تھا کہ 25 لاکھ نوکریاں دیں گے لیکن آج نوجوان بے روزگار گھوم رہے ہیں۔
پائلٹ نے کہا کہ ہم گارنٹی دیتے ہیں،تحریری وعدہ ہے، جسے پارٹی پورا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج سب سے بڑی ضرورت روزگار کی ہے۔ پانچ سال بی جے پی کی حکومت رہی، سی اے اے، این آر سی، مہنگائی اور تاناشاہی سب کچھ دیکھ لیا، لیکن نوجوان وہیں کھڑے ہیں۔
ملک میں جتنی بے روزگاری ہے اس سے کہیں زیادہ بے روزگاری آسام میں ہے۔ جب کانگریس کی حکومت بنے گی تو ہم وعدہ کرتے ہیں۔ بے روزگاری کو ہم ختم کردیں گے، لیکن ضرورت ہے کہ نوجوان کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ آپ لوگوں کو سوچ سمجھ کر اپنے حق رائے دیہی کا استعمال کرنا ہے۔
پائلٹ نے براک گھاٹی علاقے میں سلچر اور کریم گنج میں اپنے دو انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت بحران کی گھڑی میں عوام کے ساتھ نہیں کھڑی رہی انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں آنے کے لیے نہیں بلکہ آسام کے لوگوں کو بی جے پی کے کوشاسن سے بچانے کے لیے لڑ رہے ہیں۔