نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اعلان کیا کہ اس سال 31 اکتوبر اتحاد کے دن (ایکتا دیوس) کے موقع پر آزادی کا امرت مہوتسو کے اختتام کے ساتھ ہی ایک بہت بڑی ملک گیر تنظیم 'میرا یووا بھارت' کی بنیاد رکھی جائے گی۔ جو نوجوانوں کو ملک کی تعمیر کے مختلف ایونٹس میں فعال کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ مودی نے یہ اعلان یہاں آل انڈیا ریڈیو پر اپنے باقاعدہ ماہانہ پروگرام من کی بات کے 106ویں ایپی سوڈ میں کیا۔ مودی نے کہا کہ 31 اکتوبر ہم سب کے لیے بہت خاص دن ہے۔ اس دن ہم مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش مناتے ہیں۔ ہم ہندوستانی انہیں بہت سی وجوہات کی بنا پر یاد کرتے ہیں اور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ سب سے بڑی وجہ ہے - ملک کی 580 سے زیادہ ریاستوں کو جوڑنے میں ان کا بے مثال رول۔ملک کے الگ الگ حصوں کو ہندوستان کے ساتھ جوڑ نے کا کام سردارولبھ بھائی پٹیل نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہر سال 31 اکتوبر کو گجرات میں اسٹیچو آف یونٹی پر قومی اتحاد کے دن (ایکتا دیوس) سے متعلق تقریب ہوتی ہے۔ اس مرتبہ اس کے علاوہ دہلی میں کرتویہ پتھ پر ایک بہت ہی خاص پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ''آپ کو یاد ہوگا کہ حال ہی میں میں نے ملک کے ہر گاؤں اور ہر گھر سے مٹی جمع کرنے کی درخواست کی تھی۔ہر گھر سے مٹی جمع کرنے کے بعد اسے کلش میں رکھا گیا اور پھر امرت کلش یاترا ئیں نکالی گئیں۔ ملک کے کونے کونے سے جمع کی گئی یہ مٹی، یہ ہزاروں امرت کلش یاترائیں اب دہلی پہنچ رہی ہیں، یہاں دہلی میں اس مٹی کو ایک بہت بڑے بھارت کلش میں ڈالا جائے گا اور اس مقدس مٹی سے دہلی میں 'امرت واٹیکا' کی تعمیر ہوگی ۔ یہ ملک کی راجدھانی کے قلب میں امرت مہوتسو کی عظیم مراث کے طور پر موجود رہے گی۔
مزید پڑھیں: 'من کی بات میں پلوامہ کے ذکر سے سر فخر سے بلند ہوگیا'