نئی دہلی:عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے کہا کہ عام آدمی کے ٹیکس میں سے، بھارتیہ جنتا پارٹی کی مودی حکومت نے اپنے امیر دوستوں کو 19 لاکھ کروڑ روپے کا فائدہ پہنچایا ہے اور عام لوگوں کی سہولیات فراہم کرنے پر 'مفت کی ریوڑی' کہہ کر توہین کی جا رہی ہے۔AAP Leader Slams Modi Govt
عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جب سے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے نریندر مودی حکومت کی حقیقت عوام کے سامنے رکھی ہے، تب سے پوری کی پوری بھارتیہ جنتا پارٹی، اس کے لیڈران اور وزراء بوکھلاگئے ہیں۔
ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ عام آدمی پارٹی صرف ایک ہی سوال پوچھ رہی ہے کہ آپ نے اپنے دوستوں کے 11 لاکھ کروڑ روپے معاف کر دیے لیکن جب عوام کی بات آتی ہے تو ان کے دودھ، دہی، چھاچھ، ڈیزل، پٹرول پر ٹیکس لگا دیا جاتا ہے۔ گیس سلنڈر پر مہنگے ٹیکس اور ادویات پر 11 فیصد جی ایس ٹی لگا کر عام آدمی کے اوپر مہنگائی کی مار ماری جارہی ہے۔ جب کیجریوال نے بھی یہی پوچھا، تب سے پوری بھارتیہ جنتا پارٹی یہ کہہ کر اس ملک کے کروڑوں لوگوں کی بار بار توہین کررہی ہے کہ تم کو مفت کی ریوڑی دی جاتی ہے۔ تم کو آگے مفت کی ریوڑی نہیں دیں گے۔