شرومنی اکالی دل نے دہلی اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدواورں کی حمایت کرنے کا اعلان کرکے دونوں پارٹیوں کے مابین تنازعہ ہونے کی قیاس آرائیو ں پر روک لگا دی ہے۔
اکالی دل کے سربراہ سکھبیر سنگھ بادل نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں بی جے پی کو حمایت دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر بی جے پی کے صدر جے پی نڈا اور پارٹی کے کچھ دیگر لیڈر موجود تھے۔
سکھبیر سنگھ بادل نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی بی جے پی سے اتحاد نہیں توڑا۔ اکالی دل بی جے پی اتحاد صرف ایک سیاسی اتحاد نہیں بلکہ جذباتی ہے۔ دونوں پارٹیوں کا اتحاد ملک اور پنجاب کے مفاد میں ہے۔ اتحاد میں کچھ رابطہ کی کمی تھی، جو دور ہوگئی ہے۔
مسٹر نڈا نے کہا کہ اکالی دل بی جے پی اتحاد سب سے پرانا اور مضبوط ہے۔ مستقبل میں یہ مزید مضبوط ہوگا۔ بی جے پی کو یقین ہے کہ دہلی انتخابات میں سکھ طبقہ کی حمایت اسے ملے گی۔ انہوں نے حمایت دینے کے لئے اکالی دل کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ طویل عرصہ سے بی جے پی اور اکالی دل اتحاد دہلی اسمبلی انتخابات لڑتا رہا تھا لیکن اس بار دونوں کے مابین اتحاد نہیں ہوسکا۔ اکالی دل ہری نگر، تلک نگر اور شاہدرہ سمیت پانچ اسمبلی سیٹیں چاہتی تھی۔ دونوں پارٹیوں کے مابین شہریت ترمیمی قانون پر بھی اختلاف حال میں ابھرا ہے۔