نئی دہلی:مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ فوجی تعطل سمیت مختلف سیکورٹی چیلنجوں اور ان سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنے کے لئے پیر کو یہاں فوج کے اعلیٰ کمانڈروں کی کانفرنس شروع ہوئی۔ اس پانچ روزہ کانفرنس میں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوج کو مضبوط اور اہل بنانے کے حوالے سے بھی گہرائی سے بات چیت کی جائے گی۔ Army Commanders Conference in Delhi
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ 10 نومبر کو فوجی کمانڈروں سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان بھی اعلیٰ فوجی کمانڈروں کے ساتھ موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور مسلح افواج کی ضروریات کے بارے میں اپنے خیالات پیش کریں گے۔ اس دوران تینوں فوجوں کے درمیان ہم آہنگی اور تال میل بڑھانے کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔