سرینگر (جموں و کشمیر):ایک اہم پیش رفت کے تحت دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے جمعرات کو جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی سے متعلق متعدد واقعات میں مطلوب حزب المجاہدین کے ایک عسکریت پسند جاوید مٹو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یاد رہے کہ یہ گرفتاری یوم جمہوریہ کی تقریبات سے چند روز قبل انجام دی گئی ہے۔
پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ ’’دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے حزب المجاہدین نامی عسکری تنظیم سے وابستہ ایک عسکریت جاوید مٹو کو گرفتار کیا ہے جو جموں اور کشمیر میں عسکریت پسندی سے متعلق مختلف سرگرمیوں میں ملوث تھا۔‘‘ افسر کا مزید کہنا تھا کہ’’مٹو کی گرفتاری کے حوالہ سے پانچ لاکھ روپے کا انعام تھا اور وہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کو بھی مطلوب تھا۔‘‘