نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ منی پور کو لے کر حکومت کا رویہ دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اسے خود منی پور لفظ سے نفرت ہو گئی ہے، اس لیے وہ اس کے بارے میں سننا اور بولنا نہیں چاہتی، لیکن انڈیا اتحاد کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اس مسئلہ پر پارلیمنٹ میں جواب دینا چاہئے اور منی پور کے عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا نے پیر کو اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ مودی حکومت منی پور سے انتقام لے رہی ہے اور پارلیمنٹ کی مریادہ کو پامال کر رہی ہے۔ مودی حکومت لفظ منی پور سے نفرت کرتی ہے، اسی لیے وہ پارلیمنٹ میں منی پور پر ہونے والی بحث سے بھاگ رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ “منی پور میں بی جے پی کے ایم ایل اے خود مانتے ہیں کہ وہاں وزیر اعلیٰ کی سرپرستی میں تشدد ہو رہا ہے اور ایسی حکومت کو برخاست کر دینا چاہیے۔ وزیر اعظم کو منی پور کے لوگوں سے معافی مانگنی چاہیے اور اس بات پر بات کرنی چاہیے کہ وہ منی پور کے زخموں پر کیسے مرہم رکھیں گے۔ تعصب کا شکار مودی حکومت نے منی پور کے بارے میں خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ وہاں امن و امان تباہ ہو چکا ہے، بھائی کو بھائی سے لڑایا جا رہا ہے۔ آئین کی حکمرانی کو کچل دیا گیا ہے۔"