نئی دہلی: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین دہلی کے ریاستی صدر کلیم الحفیظ نے کہا کہ دہلی میں کارپوریشن سیٹوں کو لے کر نوٹیفکیشن آچکاہے اس لیے جلد ہی راجدھانی میں انتخابات متوقع ہیں۔ اس لیے مجلس کی پوری مستعدی کے ساتھ تیاری جاری ہے۔ مجلس پوری طاقت سے دہلی میونسپل کارپوریشن انتخاب لڑے گی۔AIMIM Leader On Delhi Corporation Elections
کلیم الحفیظ نے سیماپوری اسمبلی حلقہ میں مجلس کارکنان اور عوام کو خطاب کرتے ہوئےکہا کہ الیکشن کی تیاری کا بگل بج چکا ہے۔ نوٹیفکیشن میں جو بھی خامیاں ہیں، ہم اس کو لے کر اعتراض داخل کریں گے۔ دہلی مجلس صدر نے کہا کہ جو موجودہ سیاسی حالات ہیں اور جس طرح سے مسلمانوں پر چہار طرفہ حملہ ہورہا ہے وہ درحقیقت سیاسی بے وزنی کی وجہ سے ہے کیونکہ ہمارا سیاسی پلیٹ فارم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی میں جس اروند کجریوال کو مسلمانوں نے متحد ہوکر ووٹ دیا تھا کہ وہ کجریوال مسلمانوں کے تعلق سے زبان کھولنے کو بھی تیار نہیں ہیں۔
گجرات میں بی جے پی کے ذریعہ مظلوم بلقیس بانو کے مجرموں کی رہائی کا معاملہ ہو یا پھر دہلی میں مسلم رکن اسمبلی امانت اللہ خان کی گرفتاری ہو، اروند کجریوال کی زبان نہیں کھلی۔ پارٹی کی جانب سے جو بیان آیا اس میں بھی 24 گھنٹے لگ گئے۔