جاوڈیکر نے اپنی رہائش گاہ پر دہلی پردیش بی جے پی کے صدر منوج تیواری کی موجودگی میں نامہ نگاروں سے کہا کہ 'عدالت دہلی کے وزیر اعلی سے بار بار کہہ رہی ہے کہ وہ ملک مخالف نعروں کے خلاف مقدمات کی اجازت دیں لیکن دہلی کے وزیر اعلی ملک مخالف نعروں کی حمایت کرتے ہیں۔ یہ واضح ہوگیا ہے کہ اروند کیجریوال ایسے نعروں کی حمایت کرتے ہیں۔ اگر وہ ان کی حمایت نہیں کرتے تو قانونی کارروائی کی اجازت دیتے۔'
انہوں نے کہا کہ کیجریوال نے عدالت کے بار بار کہنے پر بھی قانونی کارروائی کی اجازت نہیں دی ہے۔ کیوں کہ وہ دل سے ملک مخالف نعروں کی حمایت کرتے ہیں۔ دہلی کے عوام میں اس پر کافی ناراضگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصور وار کون ہے یہ طے کرنا عدالت کا کام ہے۔ لیکن عدالت میں معاملہ جانے ہی نہیں دینا یہ ’وزیر اعلی کا پاپ‘ ہے۔