دہلی حکومت پر کورونا سے ہوئی اموات چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے ریاستی بی جے پی صدر منوج تیواری نے وزیر اعلی اروند کیجریوال سے وضاحت طلب کی ہے۔
'کیجریوال حکومت کورونا سے ہوئی اموات کی تعداد چھپا رہی ہے' - دہلی حکومت پر الزام عائد
بی جے پی رہنما منوج تیواری نے دہلی حکومت پر کورونا کو سنجیدگی سے نہ لینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس کے تقریباً دو ماہ ہوگئے لیکن ابھی تک اس کی روک تھام کے لیے کوئی پختہ انتظامات نہیں کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ دہلی کی عوام کو سچائی جاننے کا حق ہے، کیونکہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ خدمت کرنے کا ہے۔ روزانہ پریس کانفرنس کے ذریعہ دہلی کے وزیر اعلی دہلی کی عوام کے سامنے کورونا انفیکشن کی وجہ سے موت کے جھوٹے اعداد و شمار رکھتے ہیں، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
منوج تیواری نے کہا کہ کورونا انفیکشن معاملے میں دہلی تیسرے نمبر پر ہے، لیکن پھر بھی لوگوں کی جان کی پرواہ کیے بغیر دہلی کے وزیر اعلیٰ کہتے ہیں دہلی کو کھولنے کا وقت آ گیا ہے۔ اس لیے لوگوں کو کورونا وبا کے ساتھ زندگی گزارنے کی عادت ڈال لینی چاہئے۔