نئی دہلی: کانگریس پارٹی نے حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ میں فلسطین کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گذشتہ روز کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد کانگریس نے ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی میں جاری جنگ میں ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ہمیں اس کا بہت افسوس ہے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی فلسطینی عوام کے زمین خود مختاری، عزت نفس اور عزت کے ساتھ زندگی گذارنے کے حقوق کے لئے اپنی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔
حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ میں مودی حکومت نے اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہونے کا اعلان کیا ہے۔ اور کہا کہ حماس کے حملے کے پیش نظر ہم اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مزید پڑھیں: دنیا بھر میں فلسطین اور اسرائیل کی حمایت و مخالفت میں مظاہرے
اسی معاملے پر کانگریس رہنما راشد علوی نے کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں فلسطین پر قرار داد منظور ہونے پر کہا کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جو کچھ ہورہا ہے وہ قابل افسوس ہے اور انتہائی بدقسمتی کی بات ہے۔ راشد علوی نے کہا کہ یوکرین روس جنگ کے دوران حکومت ہند کا موقف تھا کہ جنگ ختم ہونی چاہیے اور اسرائیل فلسطین جنگ کے دوران مودی حکومت کا موقف مختلف ہے، اسرائیل فلسطین جنگ کے لئے حکومت کا یہی موقف ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کو امریکہ اور دونوں ممالک سے بات کرنی چاہیے تھی، عام نہتے شہریوں کی ہلاکت ہورہی ہے، اور جنگ بندی ہونی چاہیے۔ راشد علوی نے کہا کہ اگر ہم اسرائیل کا ساتھ دیں گے تو خلیجی ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات خراب ہو سکتے ہیں۔ سمجھیں کہ حکومت اس جنگ میں صرف ایک ملک کا ساتھ کیوں دے رہی ہے؟