پانچ روز کی حراست کی مدت مکمل ہونے کے بعد مسٹر چدمبرم کو پیر کو خصوصی جج اجے کمار کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ دونوں طرف کی دلیلیں سننے کے بعد جج نے پہلے فیصلہ 20 منٹ کے لیے محفوظ رکھا۔ انہوں نے اس کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے مسٹر چدمبرم کی سی بی آئی کی حراستی مدت چار روز بڑھانے کا حکم دیا۔
سماعت کے دوران چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم بھی موجود تھے۔
اس سے قبل عدالت نے مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) کی گرفتاری سے بچنے کے لیے سابق مرکزی وزیر کی طرف سے دائر عبوری ضمانت کی درخواست کو ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ بینچ نے کہا کہ چدمبرم کی گرفتاری کے ساتھ ہی ان کی متعلقہ درخواست ناقابل عمل ہوگئی ہے۔
عدالت نے اس معاملے میں درخواست گزار کو مجاز عدالت میں باقاعدہ ضمانت کے لیے درخواست دینے کی بھی اجازت دے دی، عدالت عظمیٰ کا کہنا تھا کہ درخواست گزار کی مستقل ضمانت کی درخواست کی سماعت کے دوران دہلی ہائی کورٹ کے تبصرے سے نچلی عدالت متاثر نہیں ہوگی۔