نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو ملک کی آزادی کے امرت کال میں نوجوان نوکرشاہوں کے کردار کو سب سے بڑا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے چھوٹے اور بڑے فیصلوں کی بنیاد صرف اور صرف قومی مفاد ہونا چاہیے۔ انہیں یہ بھی ذہن میں رکھنا ہوگا کہ ٹیکس دینے والوں کا پیسہ صرف ملکی ترقی کے لیے استعمال ہو۔
آج یہاں 16ویں پبلک سروس ڈے پر سب کو مبارکباد دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ پوری دنیا میں بھارت کا چرچا ہو رہا ہے اور ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ بھارت کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 9 برسوں میں بھارت آج جہاں پہنچ گیا ہے، اس نے ہمارے ملک کو بہت بڑی چھلانگ لگانے کے لیے تیار کیا ہے۔ میں اکثر کہتا ہوں کہ ملک میں بیوروکریسی وہی ہے، افسران اور ملازمین وہی ہیں، لیکن نتائج بدل گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 9 برسوں میں اگر بھارت عالمی سطح پر کسی خاص کردار میں آیا ہے تو اس میں آپ سب کا تعاون بہت اہم رہا ہے۔ پچھلے 9 برسوں میں اگر ملک کے غریب سے غریب کو بھی گڈ گورننس کا اعتماد ملا ہے تو اس میں بھی آپ کی محنت رنگ لائی ہے۔ اگر بھارت کی ترقی نے پچھلے 9 برسوں میں نئی رفتار حاصل کی ہے تو یہ بھی آپ کی شراکت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ کورونا کی تباہی کے باوجود آج بھارت دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے۔