نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اولمپک ڈے کے موقع پر کہا کہ اولمپکس میں ملک کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کی شراکت پر قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کے ذریعے ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کرنے والی بھارتی ٹیم کے ممبروں کے لیے نیک خواہشات ظاہر کی۔
بھارت کو اپنے اولمپک کھلاڑیوں کی شراکت پر فخر ہے: مودی بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کا قیام 23 جون 1894 کو پیرس میں کیا گیا تھا۔ آج ہی کے دن بین الاقوامی اولمپک ڈے منایا جاتا ہے۔ اس دن کو پہلی بار 1948 میں منایا گیا تھا۔
پی ایم مودی نے آج اولمپک ڈے کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ میں ان تمام کھلاڑیوں کی تعریف کرتا ہوں جنہوں نے مختلف اولمپک کھیلوں میں بھارت کی نمائندگی کی ہے۔ کھیل میں ان کی شراکت اور دوسرے کھلاڑیوں کو متاثر کرنے کے لیے بھارت کو ان پر فخر ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ٹوکیو اولمپکس ابھی سے کچھ ہفتوں بعد شروع ہونے والا ہے، انہوں نے بھارتی ٹیم کے ممبروں کے لیے نیک خواہشات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم میں بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر اولمپک گیمز سے متعلق کوئز مقابلے کا ایک لنک 'مائی گوو' ایپ پر بھی شیئر کیا اور نوجوانوں کو اس میں حصہ لینے کی تاکید کی۔